متعلقہ فائیلیںرپورٹ: جاوید عباس رضوی
جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ اور چھانہ پورہ حلقہ سے اسمبلی انتخابی امیدوار شیبان عشائی نے آج ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت دفعہ 370 کی بحالی اور مسئلہ کشمیر پر کوئی مفاہمت نہیں کرے گی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں بی جے پی کے خلاف ووٹ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً بیس دنوں تک سخت مہم چلاتے ہوئے ہم نے پایا کہ حکام کو لوگوں کا اعتماد جیتنے کے لئے اور بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حامی آواز کو کشمیر کے گھر گھر پہنچانے کے لئے بڑے پیمانے پر عوامی شرکت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھانہ پورہ اسمبلی حلقے نے گزشتہ پانچ برسوں میں مشکل وقت کا سامنا کیا، علاقہ کے لوگوں پر بی جے پی کا بلڈوزر چلایا گیا۔ شیبان عشائی نے نئی دہلی اور بھارت کی خفیہ ایجنسیوں کے منصوبوں کی نفی کرنے کے لئے بڑی تعداد میں ووٹ دینے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جیری حربہ اور ظالمانہ رویہ کشمیریوں کی آواز کو جموں و کشمیر کی اسمبلی تک پہنچنے سے نہیں روک سکتا۔ شیبان عشائی نے کہا کہ آج ہمارے ماہرین تعلیم، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، تاجروں کو 1987ء کے حالات و سانحات کو دہرانے سے روکنے کے لئے بڑی تعداد میں باہر نکل کر ووٹ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کو ایک مضبوط، نظریاتی طور پر مضبوط، اصولی قیادت کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف جماعتوں کی جانب سے مختلف امیدواروں کے بینرز اور پوسٹرز پھاڑ دئے گئے لیکن پولیس کی کارروائی مکمل طور پر غیر تسلی بخش رہی۔
شیبان عشائی نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے کہا کہ وہ بی جے پی یا انکے آلہ کاروں کے ساتھ حسن سلوک پر لوگوں کو جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت بی جے پی کے ساتھ مفاہمت یا ہاتھ ہرگز نہیں ملائے گی۔ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ یہ اخلاقی طور پر لوگوں کا فرض ہے کہ وہ تمام امیدواروں اور پارٹیوں کی اسناد، سیاسی موقف اور وابستگی کا پتہ لگائیں، یہ دیکھیں کہ گزشتہ چھ سات برسوں میں کس نے کیا کارکردگی انجام دی ہے۔ شییبان عشائی نے اس حقیقت کو بیان کیا کہ سابق کابینہ کے وزیروں کو گھر گھر جانا پڑتا ہے اور ہر پارٹی کو اگلے پانچ برسوں کے لئے ایک تفصیلی ویژن دستاویز کے ساتھ آنا پڑتا ہے یہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سیاسی وژن اور جدوجہد کی ایک بڑی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو خود کو بادشاہ سمجھتے تھے اور سمجھتے تھے کہ پیسہ اور ایجنسی کی طاقت سب کچھ خرید سکتی ہے، آج عوام کی دہلیز پربے سہارا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے وزراء نے کوئی کارآمد کام کیا ہوتا تو انہیں ووٹوں کی بھیک مانگنے کے لئے گھر گھر جانا نہیں پڑتا۔ شیبان عشائی نے عوام سے کہا کہ وہ ان بہادر لیڈروں کو تعاون دیں جنہوں نے انتہائی مشکل وقت میں کشمیر کا دفاع کیا اور بی جے پی کے بلڈوزر کو کشمیریوں کے گھروں پر چلنے سے روک دیا۔ شیبان عشائی نے مزید کہا کہ ہمیں ایسے لیڈروں کی ضرورت ہے جو دیانتداری، انصاف پسند اور نڈر و پُرعزم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں باہر نکل کر ان لوگوں کے لئے اپنی حمایت کا اظہار کرنے کی ضرورت ہے جنہوں نے کشمیریوں کو کبھی مایوس نہیں ہونے دیا۔
قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial