اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر کی سرکاری گاڑی میں قی۔تی کڑی بوٹی کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر وزیر جنگلات گلگت بلتستان کی سرکاری وی آئی پی گاڑی میں انتہائی قیمتی جڑی بوٹی (جنگلی لہسن) کی غیر قانونی سمگلنگ کی کوشش محکمہ جنگلات ہی کے دو فاریسٹ گارڈز نے ناکام بنا دی کی اور جڑی بوٹیوں سے بھرے 4 تھیلوں کو برآمد اور موقع پر ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر ایف سی کے حوالے کر دیا۔
یہ واقعہ ہفتہ کی رات تقریبا 9 بجے پڑی فاریسٹ چیک پوسٹ شاہراہ قراقرم پر اس وقت پیش آیا جب چیک پوسٹ پر تعینات دو فاریسٹ گارڈز حفیظ الرحمن اور مجاھد نے چیک پوسٹ کے قریب کھڑی دو مشکوک گاڑیوں کی تلاشی لینے کی کوشش کی۔فاریسٹ گارڈز کے مطابق اس وقت ایک پرائیویٹ فیلڈر کار سے ایک کالے رنگ کی فارچونر گاڑی جس پر سبز رنگ کے سرکاری نمبر GLT-30 لگی ہوئی تھی (یہ گاڑی سرکاری ریکارڈ کے مطابق موجودہ وزیرجنگلات گلگت بلتستان حاجی شاہ بیگ کے زیر استعمال ہے) میں قیمتی جڑی بوٹی (جنگلی تھوم) کے توڑے تیزی سے منتقل ہو رہے تھے۔
فاریسٹ گارڈز کی طرف سے وقوعہ کے فورا بعد میڈیا کو دیے گئے بیان کے مطابق محکمہ جنگلات کے عملے اور ایف سی اہلکاروں کو دیکھتے ہی دونوں گاڑیاں اور ان گاڑیوں میں موجود افراد رات کی تاریکی سے فائدہ اٹھا کر وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے اور قیمتی جنگلی جڑی بوٹی کے توڑوں سے بھری ان گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کے دوران ایک فاریسٹ گارڈ زخمی ہوگیق۔ تاہم دونوں فاریسٹ گارڈز نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ملزم کو پکڑ کر اس کے قبضے سے جڑی بوٹی (قیمتی جنگلی لہسن) سے بھرے 4 عدد توڑے برآمد کیے اور چیک پوسٹ پر تعینات ایف سی اہلکاروں کے حوالے کیا۔
فاریسٹ گارڈز کے مطابق برآمد شدہ جڑی بوٹی کا وزن 160 کلو اور مالیت 1 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ جبکہ اس جڑی بوٹی کو کاٹنے اور اس کی نقل و حمل پر پابندی عائد ہے۔ ڈیوٹی پر موجود ایف سی اہلکار نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس واقعے کی تصدیق کی۔ ملزم اور برآمد شدہ جڑی بوٹی کو پڑی فاریسٹ چیک پوسٹ سے گلگت منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس واقعے کے حوالے سے وزیر جنگلات گلگت بلتستان حاجی شاہ بیگ کا موقف بھی سامنے آیا ہے۔ حاجی شاہ بیگ نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ میری سرکاری گاڑی کے ذریعے جڑی بوٹیوں کی سمگلنگ کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت جنگلات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد میں نے ٹمبر مافیا پر گرفت مضبوط کر لی ہے جس کی وجہ سے کچھ سازشی عناصر سوشل میڈیا پر ایسے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں جن کی حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات کے عملے کی جانب سے جگلوٹ رینج میں پکڑی گئی جڑی بوٹیوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔