اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے امریکہ میں غزہ کی حمایت میں نکلنے والے مظاہرین پر تشدد اور گرفتاریوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی صیہونیوں کے وحشی پن کیخلاف عوام کے ردعمل پر روک نہیں لگا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنایت کو روکنے کا راستہ بھی یہی ہے کے مسلمان عوام اپنے بے حسں، مصلحت پسند اور خیانت کار حکمرانوں کی منتظر نہ رہیں اور ان خیانت کاروں سے اپنے راستے الگ کر لیں جو غاصب حکومت کیساتھ سفارتی، عسکری، معاشی روابط رکھتے ہوئے ان جرائم پر فقط مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہیں، لیکن مسلمان سرزمینوں کے تمام وسائل اس استکباری سیاست کیلئے وقف کر رکھے ہیں۔
علامہ سید جواد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کے فیصلہ کن وار سے زمیں بوس ہو جانیوالی قابض وغاصب صیہونی حکومت، مجاہدین سے پڑنے والی کاری ضرب کا انتقام غزہ کے عوام، عورتوں اور معصوم بچوں سے لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونیوں کو انکے جرائم میں امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور دیگر شرپسندوں کی بھرپور حمایت اور تعاون حاصل ہے جن کے سربراہوں کے مقبوضہ فلسطین کے پے در پے دورے اور وسائل و اسلحے کی فراہمی دراصل غاصب حکومت کی نابودی کے عمل کو روکنے کی ناکام کوششیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کے پاس اپنے تحفظ کیلئے واحد راستہ اسلام کے محور پر اتحاد قائم کرنا ہے اور غاصب ریاست کے مدمقابل پرعزم اور مسلح مقابلہ ہے اور یہی وہ مدد ہے جس کی فلسطین کی غیور قوم منتظر ہے۔