اسلام ٹائمز۔ 12 ربیع الاول کو عید میلادالنبیؐ کے انتظامات کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے علمائے کرام کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، سعید غنی، ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، سیکریٹری بلدیات، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری شریک ہوئے۔ علمائے کرام میں علامہ اکبر درس، حاجی حنیف طیب، مولانا بشیر فاروقی، ڈاکٹر جمیل راٹھوڑ، شہزادہ ریحان امجد نعمانی، مفتی نظیر جان، مولانا رؤف رحمان نورانی، مولانا اشرف گورمانی، سروت اعجاز قادری،عاطف بلو اور دیگر بھی شریک تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام علمائے کرام کو اجلاس میں خوش آمدید کہا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم عید میلادالنبیؐ عقیدت اور احترام سے منائیں گے، ہم ہر سال 12 ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کرتے ہیں، ہم کوشش کرتے ہیں کہ ربیع الاول کے جلوس کے راستوں کی سڑکیں اور نکاسی آب ٹھیک ہو، میں مختلف سوچ و فکر کے علما کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ ایسا صوبہ ہے جہاں محبت، ایک دوسرے کی عزت و احترام کا خیال رکھا جاتا ہے، سندھ کو امن و امان کا گہوارہ بنانے میں تمام مکتبہ فکر کے علمائے کرام کا اہم کردار ہے۔ اجلاس کے دوران علماء نے ربیع الاول کے جلوس کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں۔ ربیع الاول کے حوالے سے اجلاس بلانے پر علمائے کرام نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ جلوس کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی علماء کی تجاویز لی گئیں اور وزیراعلیٰ سندھ نے اس کیلئے پولیس کو ہدایت دی۔