اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بچے کی مبینہ اغواء کاری کے خلاف لواحقین نے زرغون روڈ پر صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیتے ہوئے سرینا چوک کو ٹریفک کے لئے معطل کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ آج صبح گھر سے اسکول جاتے ہوئے اسکول وین سے پانچ سالہ طالبعلم محمد مصور کو نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کیا ہے۔ جس کی بازیابی تک زرغون روڈ پر دھرنے جاری رکھیں گے۔ مبینہ مغوی طالب علم کا تعلق تاجر برادری سے ہے۔ جس پر انجمن تاجران کی جانب سے بھی ردعمل متوقع ہے۔