0
Friday 15 Nov 2024 15:12

پاکستانی قوم کی بیداری غزہ میں ظلم کے خاتمے کا آغاز بن سکتی ہے، علامہ جواد نقوی

پاکستانی قوم کی بیداری غزہ میں ظلم کے خاتمے کا آغاز بن سکتی ہے، علامہ جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے خطاب میں کہا کہ غزہ میں عورتوں اور بچوں کے قتل عام کے ہولناک اعداد و شمار پر پوری دنیا، بشمول مسلمانوں، کا خاموش تماشائی پن اس بات کی دلیل ہے کہ ان میں احساسِ انسانیت دم توڑ چکا ہے۔ امام حسینؑ نے خیام پر حملہ کرنیوالوں سے مخاطب ہو کر کہا تھا کہ اگر تم میں دین نہیں تو کم از کم دنیاوی اصولوں اور رائج ضابطوں کا خیال رکھو اور آزاد مرد بنو۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق بھی یہ ایک عالمی متفقہ ضابطہ ہے کہ جنگ میں عورتوں اور بچوں کو نشانہ نہیں بنایا جا سکتا، لیکن غزہ میں جاری سفاکیت کے سامنے خاموشی اس بات کی دلیل ہے کہ اس کفن چور انجمن، اقوامِ متحدہ سمیت دنیا بھر سے احساسِ انسانیت کا صفایا ہو چکا ہے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں جب مسلمان حکمران، عوامی دباؤ سے نکلنے کیلئے کوئی عملی قدم اٹھانے، فیصلہ کرنے یا دباؤ بڑھانے کے بجائے صرف زبانی بیانات دے رہے ہیں، یہ باضمیر افراد کا واجب فریضہ بن جاتا ہے کہ وہ اس قبرستان میں احساسِ انسانیت کو زندہ کریں۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ غزہ کو روزمرہ کے مکالمے کا حصہ بنائیں اور اسے اپنی اولین ترجیح شمار کرتے ہوئے اپنی تمام توانائیاں اس پر صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ پاکستانی اس جنگ کا ایک دن میں خاتمہ کر سکتے ہیں اگر ان کے اندر احساسِ انسانیت و مسلمانی زندہ ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ پوری ملتِ پاکستان یا اس کی اکثریت بیدار ہو کر ایک دن مختص کرے اور اپنے احساسِ انسانی کے اظہار کیلئے یکجا ہو جائے۔ اگر ایسا ہو تو لبنان و غزہ میں بھی، اور آپ کے اپنے ملک میں بھی ظلم کا آخری دن ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ اسرائیل اس وقت غزہ کی نسبت زیادہ کمزور ہوچکا ہے اور اگر یہ خیانت کار عرب حکمران اسرائیل کو سہارا نہ دیں تو حزب اللہ اور حماس اکیلے ہی ایک دن میں اسرائیل کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1172717
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش