اسلام ٹائمز۔ گلتری سے سکردو آتے ہوئے دیوسائی میں لاپتہ ہونے والے مسافروں کی تلاش کیلئے پاک فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سرچ آپریشن کا اعلان کیا ہے۔ موسم بہتر ہوتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر گلگت آفس سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کا ہیلی کاپٹر تیار ہے، موسم بہتر ہوتے ہی ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سرحدی علاقے گلتری سے سکردو آنے والے مسافروں کی دو گاڑیاں لاپتہ ہو گئی تھیں، ان گاڑیوں میں 14 مسافر سوار ہیں۔ 29 گھنٹے بعد بھی ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا ہے تاہم سکردو میں مقیم گلتری کے باشندوں کے مطابق مسافر گاڑیاں برفباری کی وجہ سے دیوسائی میں پھنسی ہوئی ہیں۔