متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف کیلئے برادر ملک ترکیہ سے بھجوایا گیا 14 ٹن امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب زدگان کی امداد کیلئے دوست ممالک کی جانب سے بھجوایا گیا امدادی سامان پاکستان پہنچنا شروع ہوگیا ہے، متحدہ عرب امارات کے بعد ترکیہ سے سامان پاکستان پہنچ گیا۔ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ترکیہ سے 11 گھنٹے میں تین خصوصی طیارے امدادی سامان لیکر کراچی پہنچ چکے ہیں۔ حکام کے مطابق پہلی پرواز میں 38 ٹن سامان کراچی پہنچا، جسے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر، صوبائی وزیر سعید غنی اور ترکش قونصلر نے وصول کیا جب کہ دوسری پرواز کی 14 ٹن سامان کے ہمراہ پاکستان آمد ہوئی، اسی طرح ترکش ایئرفورس کا تیسرا طیارہ مزید امدادی سامان لیکر پیرکی صبح 7 بجے کراچی پہنچا۔ حکومت ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے بھیجے گئے امدادی سامان میں ٹینٹ، مچھر دانیاں اور اشیا خوردونوش شامل ہیں۔