اسلام ٹائمز۔ فلسطینی حامی احتجاجی مظاہرین نے بلجیئم میں یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے جمع ہو کر غاصب و سفاک صیہونی رژیم کے خلاف وسیع مظاہرہ کیا ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق یہ احتجاجی مظاہرہ یورپی پارلیمنٹ سامنے منعقد ہوا جس میں زیادہ تر صحت کے شعبے کے ساتھ تعلق رکھنے والے ملازمین نے شرکت کی۔ اس احتجاجی ریلی میں غزہ کی پٹی میں جاری غاصب اسرائیلی فوج کی نسل پرستانہ کارروائیوں اور صحت کی بنیادی سہولیات سمیت ہسپتالوں، طبی ملازمین اور ڈاکٹروں کے خلاف انجام پانے والے گھناؤنے صیہونی حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ اس دوران احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم تھامے غزہ میں جنگ بندی کے ساتھ ساتھ فلسطین کی آزادی اور خصوصا غزہ کی پٹی کے کمال عدوان ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صوفیہ کی جلد از جلد رہائی کا مطالبہ کیا۔