اسلام ٹائمز۔ یمنی مزاحمتی تحریک انصار اللہ کے سیاسی بیورو نے ملک کے خلاف مغربی اتحاد و دہشتگرد صیہونی رژیم کے مزید حملوں کے بارے سختی کے ساتھ خبردار کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں سیاسی بیورو انصار اللہ نے تاکید کی کہ یمنی خودمختاری ایک ایسی عظیم کامیابی ہے جو 21 ستمبر کے انقلاب کی اہمیت اور اس قرآنی و الہی منصوبے کی عظمت کی تصدیق کرتی ہے جو آج ایک ٹھوس حقیقت بن چکا ہے۔
عرب چینل المسیرہ کے مطابق انصاراللہ یمن نے کہا کہ ملک میں جاری برطانوی و سعودی انٹیلیجنس سروسز کی معاندانہ سرگرمیوں کی روک تھام، ایک پیشگی حملہ تھا کہ جو عسکری میدان کی فتح کے مترادف ہے۔ یمنی مزاحمتی تحریک نے اعلان کیا کہ ہم ان اعلی کامیابیوں سمیت جارح ممالک کے ساتھ تعلق رکھنے والے جاسوسی مراکز کو بے نقاب کرنے میں مسلسل کامیابیوں پر، سکیورٹی سروسز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ جاسوسی مراکز کو بے نقاب کرنے میں سکیورٹی و انٹیلیجنس سروسز کی کامیابیاں؛ غزہ میں فلسطینی عوام کی حمایت پر مبنی یمنی قوم کے ایمانی مؤقف کے مرہون منت اور اسی کی برکات سے حاصل ہوئی ہیں جبکہ ایسی عظیم انٹیلیجنس کامیابیاں؛ ہمارے عظیم عوام کی ہوشیاری اور ان کے درمیان ایمان و ذمہ دارانہ حب الوطنی و بیداری کے رواج کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتی تھیں۔ انصار اللہ یمن نے تاکید کی کہ ہم اپنے عوام و ملکی مفادات کو زک پہنچانے کے بارے؛ جاسوسوں کو بھرتی کرنے والے معاند ممالک کو سختی کے ساتھ خبردار کرتے ہیں۔ اپنے بیان کے آخر میں یمنی مزاحمتی تحریک نے تاکید کہ یمن، اپنی سلامتی، استحکام و خودمختاری کی خلاف ورزیوں کے تسلسل پر سختی کے ساتھ متنبہ کرتے ہوئے اعلان کرتا ہے کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تمام افراد کو عبرتناک سزا دینے کے ساتھ ساتھ ملکی ڈیٹرینس کو بھی مزید بڑھائے گا!