اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین، اردن، شام و لبنان کے بعض حصوں کو ہتھیانے کے حوالے سے سرکاری صیہونی سوشل میڈیا اکاوئنٹس اور اس رژیم کے رہنماؤں کے بیانات اسرائیل کے توسیع پسندانہ و دشمنانہ عزائم کو بے نقاب کرتے ہیں۔ حماس نے کہا کہ عرب و اسلامی ممالک کو صیہونی رژیم کے رہنماؤں کے ان دشمنانہ بیانات اور جارحیت کو روکنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر صیہونی رژیم کے باضابطہ اکاونٹ سے مقبوضہ فلسطین، اردن، شام و لبنان پر مشتمل نقشہ ایک ایسے وقت پر جاری ہوا جب اسرائیلی حکام فلسطینی عوام کی جبری مہاجرت کی رٹ لگائے ہوئے ہیں۔
قابل غور بات یہ ہے کہ صیہونی حکام فلسطینیوں کو اپنی جارحیت میں شدت کے ذریعے جبری نقل مکانی پر مجبور کر کے ان کے وسائل کو لوٹنا چاہتے ہیں۔ حماس نے کہا کہ اسرائیل کی یہ معاندانہ پالیسی و اشتعال انگیز بیانات ایسے وقت میں سامنے آ رہے ہیں جب غزہ و مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی شناخت ختم کرنے کے لئے یہ رژیم ہر انسانیت سوز ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہے۔ حماس نے مطالبہ کیا کہ عرب و اسلامی ممالک کو صیہونی رژیم کے جرائم کے مقابلے میں فلسطینیوں کی مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو خطے کے خلاف اسرائیل کے فاشسٹ منصوبوں کے مقابلے میں ٹھوس موقف اپنانا چاہئے۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جو نقشہ جاری کیا گیا اس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ سرزمین 3000 سال قبل "کنگڈم آف اسرائیل" کے نام سے معروف تھی۔