اسلام ٹائمز۔ حضرت مسیح عیسیٰ بن مریم علیہ الصلوۃ والسلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ جیکب آباد کے چرچ پہنچ کر پادری شیرون یوسف سے ملاقات کی اور عالم انسانیت کو حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام کی ولادت با سعادت اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام کی تعلیمات ظلم اور ستم کے خلاف امن اور محبت کا پیغام ہے۔ حضرت مسیح علیہ السلام عالم انسانیت کے عظیم رہبر اور رہنماء ہیں، جن کا پاکیزہ کردار ہر دور کے انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ حضرت مسیح علیہ السلام نے صبر اور برداشت کی جو تعلیم دی وہ آج ہمارے معاشرے کی عدم برداشت کے لئے بہترین نسخہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں بسنے والے مختلف مکاتب فکر اور مختلف مذاہب اور ادیان کے لوگ ایک حسین گلدستہ تشکیل دیتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اتحاد بین المسلمین، بین المذاہب ہمآھنگی اور احترام انسانیت کے اصولوں کی علمبردار جماعت ہے۔ مسیحی برادری نے وطن عزیز پاکستان کے لئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ہم مسیحی برادری کی ملک کے لئے خدمات کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض شر پسندوں کی جانب سے جب جڑانوالا میں مسیحی برادری کے گھروں پر اور چرچز پر حملہ کر کے انجیل مقدس اور تورات کو جلایا گیا تو ہم نے کوئٹہ کے ایک چرچ میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کر کے اس شرمناک عمل کی مذمت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مسیحی برادری نواسہ رسول حضرت امام حسین عالی مقام اور اہل البیت سے خصوصی عقیدت رکھتے ہیں۔ اس لئے ہر سال کربلا معلی میں حاضر ہو کر شہدائے کربلا سے اپنی عقیدت اور عشق کا اظہار کرتے ہیں۔ اس موقع پر پادری شیرون یوسف نے علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ سید ظفر عباس شمسی کو انجیل مقدس کا تحفہ پیش کیا اور ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔