اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر پاراچنار میں جاری انسانی المیہ کے خلاف احتجاجی دھرنے جاری ہیں، کراچی اور لاہور کے بعد ملتان اور اسلام آباد میں احتجاجی دھرنوں کا آغاز ہوگیا ہے، ملتان میں نواں شہر چوک پر احتجاجی دھرنا جاری ہے، دھرنے کے شرکاء نے نماز مغربین باجماعت دھرنے میں ادا کی، دھرنے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، سلیم عباس صدیقی، انجینئر سخاوت علی سیال، مولانا غلام جعفر انصاری، علامہ مجاہد عباس گردیزی، فخر نسیم صدیقی، سید علی رضا بخاری اور دیگر کررہے تھے۔ دھرنے میں خواتین اور بچے بھی موجود ہیں، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو یم جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ جب تک پاراچنار کے محصورین کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا، وفاقی و صوبائی حکومت اپنی عوام کے ساتھ مخلص نہیں ہے جب کی وجہ سے انسانی المیے نے جنم لیا ہے۔