متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ آج دوپہر کو شام کے مقامی ذرائع نے خبر دی کہ صوبہ "حلب" میں باغیوں کی جانب سے علویوں کے ایک مذہبی پیشواء "ابی عبدالله الحسین بن حمدان الخصیبی" کے مزار کی توہین کی گئی۔ بے حرمتی جیسے اس قبیح فعل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر منٹوں ہی میں وائرل ہو گئی جس کے بعد شام کے مختلف شہروں میں باغیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔ واضح رہے کہ ابی عبدالله الحسین بن حمدان الخصیبی کو شامی علویوں میں عقیدت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ باغیوں نے ان کے مزار کو توڑنے کی کوشش کی اور آگ لگا دی۔ تاہم اس بارے میں ابھی تک کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ ویڈیو کب کی ہے۔ اس توہین آمیز اقدام پر باغیوں کی جانب سے اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی کہ اس حرکت کے مرتکب افراد کو سزاء دی جائے گی۔ مگر اس کے باوجود "حمص"، "حماء"، "لاذقیه"، "مصیاف"، "طرطوس" اور "جبله" میں اس عمل کے ردعمل میں علویوں نے عوامی احتجاجی مظاہرے کئے۔ بعض جگہوں پر باغیوں کی جانب سے مظاہرین پر گولی چلانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔