اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت اور جے یو آئی کے درمیان تمام اختلافات دور ہو گئے۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ مدارس رجسٹریشن ایکٹ کا 26 ویں ترمیم کی روشنی میں من و عن نوٹیفکیشن جاری ہوگا اور ممکنہ طور پر آئندہ 2 روز میں نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مسودے کو حتمی شکل دے دی ہے، نوٹیفکیشن جاری ہونے سے یہ معاملہ مکمل طور پر حل ہو جائے گا۔ صحافی نے سوال کیا کہ علامہ طاہر اشرفی کے مطالبات کا کیا ہوگا؟ اس پر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ یہ طے ہو گیا ہے کچھ عرصے بعد اس ایکٹ میں ایک اور ترمیم آئے گی، نئی ترمیم میں وزرات تعلیم یا سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ میں رجسٹریشن مدارس کی صوابدید ہو گی اور اس اقدام سے مدارس کے تمام دھڑوں کے مطالبات پورے ہو جائیں گے۔