اسلام ٹائمز۔ بھارتیہ کسان یونین کی کھگا کے منڈی گراؤنڈ میں کسان مہا پنچایت کا انعقاد کیا گیا۔ بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے مہاپنچایت سے خطاب کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل بیان کئے اور بی جے پی پر سخت تنقید کی۔ بھارتیہ کسان یونین نے کھگا میں کسانوں کے مختلف مسائل کے سلسلے میں ایک مہا پنچایت کا انعقاد کیا گیا۔ مہاپنچایت میں قومی ترجمان چودھری راکیش ٹکیت نے کہا کہ ملک میں سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کی حکمت عملی بنائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کسانوں کو تباہ کرنے کی ہے، حکومت جھوٹ بولتی ہے، حکومت صرف ہندو اور مسلمانوں کا ایجنڈا چلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو گنے کا صحیح ریٹ نہیں مل رہا، گنے کے واجبات ادا نہیں کئے جا رہے، بھیڑیے اور چیتے کسانوں کو کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت کے خلاف احتجاج میں ملک بھر میں اس طرح کی پنچایتیں ہوتی رہیں گی۔
راکیش ٹکیت نے کہا کہ یہاں کہتے ہیں درخت لگاؤ، وہاں ہزاروں سال پرانے جنگلات کاٹے جاتے ہیں، یہ کسانوں کی نہیں، تاجروں کی حکومت ہے، کسانوں کی جدوجہد مشکل ہوجائے گی، ہم جنگ لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایم ایس پی گارنٹی ایکٹ کو لے کر بڑی جنگ لڑیں گے تاکہ نسل اور فصل دونوں کو بچایا جائے۔ اس موقع پر راکیش ٹکیت نے کسانوں کی تحریک کی حمایت کی۔ ضمنی انتخاب کے حوالے سے راکیش ٹکیت نے کہا کہ الیکشن ایک بیماری ہے، ہم اس سے دور رہتے ہیں۔ امبیڈکر کے بارے میں امت شاہ کے بیان پر راکیش ٹکیت نے کہا کہ حکومت تاریخ کو مٹانا چاہتی ہے، پرانے ورثے اور آئین میں ترمیم کرنا چاہتے ہیں، حکومت کسانوں کے مفاد میں کوئی کام نہیں کرتی ہے۔