عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی آئینی حق ہے، علامہ مقصود ڈومکی - اسلام ٹائمز
0
Thursday 19 Dec 2024 20:33

عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی آئینی حق ہے، علامہ مقصود ڈومکی

عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی آئینی حق ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اہل سنت ہمارے بھائی اور ہمارے سر کا تاج ہیں۔ تکفیری اور یزیدی فکر نے ہمیشہ ذکر امام حسین عزاداری اور مجلس عزاء کی مخالفت کی ہے۔ یہ بات انہوں نے تحصیل جوہی کے شہر قصبو کے دورے کے موقع پر شیعہ اکابرین مجلس وحدت مسلمین کے عہدیداروں اور سینکڑوں افراد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل انہوں نے قصبو شہر میں یوم عاشور کے جلوس عزاء کے روٹ کا جائزہ لیا، جہاں پر کچھ شرپسندوں کی جانب سے عاشور کے دن عزاداران امام حسین علیہ السلام پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔ یوم عاشور کے جلوس عزاء کے حوالے سے جن عزاداروں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے تھے ان عزاداروں کو اجرک کا تحفہ پیش کرکے علامہ مقصود علی ڈومکی نے عوام کے صبر و استقامت اور دینی غیرت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ میں قصبو تحصیل جوہی کے ان افراد کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے مشکل ترین حالات میں عزاداری امام حسین علیہ السلام اور جلوس عزاء کا تحفظ کیا۔ ان پولیس اہلکاروں اور سازشیوں کو شرم آنی چاہئے جنہوں نے عزاداری امام حسین علیہ السلام کو جرم قرار دے کر نہتے بے گناہ عزاداروں کے خلاف تین ایف آئی آرز درج کیں۔ الحمدللہ دو مقدمات کو جھوٹا قرار دے کر عدالت نے عزاداروں کو بری قرار دیا ہے، جبکہ تیسرے مقدمے میں بھی فتح عزاداران امام حسین علیہ السلام کی ہوگی اور مخالفین کے حصے میں ذلت و رسوائی اور شرمندگی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ اہل سنت ہمارے بھائی اور ہمارے سر کا تاج ہیں۔ ہمیں برادران اہل سنت سے کوئی گلہ نہیں ہے۔ تکفیری اور یزیدی فکر نے ہمیشہ ذکر امام حسین عزاداری اور مجلس عزاء کی مخالفت کی ہے۔ دیوبندی اور بریلوی اہل سنت ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ ہم اتحاد بین المسلمین کے علمبردار ہیں۔ ہمیں قصبو جوہی کا امن عزیز ہے اس لئے ہمارے خلاف مقدمات اور زیادتی کے باوجود ہم امن، مفاہمت اور افہام و تفہیم کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی آئینی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبو شہر میں یوم عاشور کا جلوس اپنے روٹ سے ہی گزرے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور علاقے کے معززین جتنا جلدی ممکن ہو جلوس عزاء کا روٹ افہام و تفہیم سے طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سید محمد صالح شاہ کی جانب سے ہمیں پیغام ملا ہے کہ وہ قصبو میں جلوس عزاء روٹ اور ایف آئی آرز کے سلسلے میں ثالثی کرنا چاہتے ہیں، جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہوئے شیعہ علماء، ایم پی اے اور انتظامیہ کی موجودگی میں معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1179270
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش