اسلام ٹائمز: بھارتی پارلیمنٹ کے احاطے میں دھکا مکی کے واقعہ پر کانگریس نے حکمراں پارٹی کو نشانہ بنایا۔ اس معاملے کو لے کر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔ اس دوران ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ان پر حملہ کیا گیا۔ حکمران جماعت پر الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ہمارا مذاق اڑا رہے ہیں۔ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ بی جے پی نے امن کو خراب کرنے کا کام کیا، امت شاہ کو ملک سے معافی مانگنی چاہیئے۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ وہ امبیڈکر کے مجسمے سے پارلیمنٹ ہاؤس تک پُرامن طریقے سے جا رہے تھے۔ اس دوران بی جے پی ارکان اسمبلی نے انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ بی جے پی نے بابا امبیڈکر کی توہین کی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بنیادی مسئلہ جس کو وہ مٹانا چاہتے ہیں وہ یہ ہے کہ نریندر مودی کے دوست اڈانی کے خلاف امریکہ میں کیس ہے اور نریندر مودی بھارت کو اڈانی کے ہاتوں بیچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی مسئلہ ہے اور یہ لوگ اس پر بحث نہیں کرنا چاہتے۔
آئین پر بحث کے دوران راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر داخلہ کی تقریر پر راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ حکومت اور خاص طور پر وزیراعظم اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بابا امبیڈکر کے بارے میں جو بیان دے رہے ہیں، وہ بہت افسوسناک ہے اور انہوں امت شاہ حقائق کو دیکھے بغیر کل پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ بی آر امبیڈکر کو گالی دینے سے پہلے حقائق دیکھ لیں۔ غور طلب ہے کہ پارلیمنٹ کمپلیکس میں دھکا مکی معاملے پر حکمران جماعت اور اپوزیشن آمنے سامنے ہیں۔ دونوں طرف سے بیان بازی جاری ہے۔ اڈیشہ کے بالاسور سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پرتاپ سارنگی اس واقعہ میں زخمی ہوئے ہیں۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر سارنگی نے الزام لگایا ہے کہ کانگریس لیڈر نے ایک ممبر آف پارلیمنٹ کو دھکا دیا، جو ان پر گر پڑا۔ رپورٹ کے مطابق اس واقعہ میں فرخ آباد یوپی سے بی جے پی کے رکن اسمبلی مکیش راجپوت بھی زخمی ہوئے ہیں، انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو لے کر امت شاہ کے ریمارکس پر تنازع جاری ہے۔ دریں اثنا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ پرتاپ چندر سارنگی نے جمعرات کو الزام لگایا کہ امبیڈکر تنازع پر حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تصادم کے دوران اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ایک رکن اسمبلی کو دھکا دیا، جس سے وہ شخص ان پر گر پڑا۔
پرتاپ چندر سارنگی نے کہا کہ راہل گاندھی نے ایک ممبر پارلیمنٹ (مکیش راجپوت) کو دھکا دیا جو مجھ پر گر گئے، جس کے بعد میں نیچے گر گیا، میں سیڑھیوں کے پاس کھڑا تھا۔ اطلاعات کے مطابق جھڑپ کے دوران بی جے پی کے رکن اسمبلی کو کچھ چوٹیں آئیں۔ فی الحال دونوں رہنما آر ایم ایل اسپتال میں زیر اعلاج ہیں۔ یہ واقعہ اس کے فوراً بعد پیش آیا جب اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بی جے پی ممبران پارلیمنٹ پر انہیں پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے روکنے کا الزام لگایا۔ اس دوران راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ دریں اثنا بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر اور بنسوری سوراج نے سنسد مارگ پولیس اسٹیشن میں راہل گاندھی کے خلاف شکایت درج کرائی۔ اس کے بعد کانگریس کے وفد نے بھی تھانے میں اپنی شکایت درج کرائی۔