اسلام ٹائمز۔ ایرانی و مصری وزرائے خارجہ سید عباس عراقچی و بدر عبدالعاطی نے آج D8 ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع قاہرہ میں اپنے وفود کے ہمراہ ملاقات و گفتگو کی ہے۔
اس ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ نے ڈی8 ممالک کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس اجلاس کے انعقاد سے ترقی پذیر اسلامی ممالک، نہ صرف اپنے بلکہ پوری اسلامی دنیا کے مفادات کے مطابق نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ اس ملاقات میں فریقین نے، عالم اسلام میں دونوں ممالک کی اہم حیثیت و کردار پر تاکید کرتے ہوئے، D8 تنظیم کے تحت رکن ممالک کے تعاون کو بالخصوص اقتصادی شعبوں میں بھی بڑھانے اور اس تنظیم کو مزید فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہ مصری صدارت ڈی8 تنظیم کے اقدامات و فعالیت پر زیادہ موثر رہے گی، سید عباس عراقچی نے اس سلسلے میں مصر کی ہر ممکنہ مدد پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل تیاری کا اعلان بھی کیا۔
ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی تازہ ترین صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور غزہ و لبنان سے لے کر شام تک پھیل جانے والی غاصب صیہونی رژیم کی جارحیت و جنگی جرائم کے دائرے کی مسلسل توسیع پر توجہ دیتے ہوئے اس جارحیت اور کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنے کے لئے خطے کے موثر ممالک بالخصوص ایران و مصر کے اتفاق رائے کو اہم قرار دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی کو روکنے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور غزہ میں فلسطینی پناہ گزینوں کو انسانی امداد کی فوری فراہمی پر بھی تاکید کی۔