اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ضائع کرنے کی بجائے انہیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ طلباء و طالبات مستقبل کے معمار ہیں۔ وزیراعظم ملک کو آئی ٹی کا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں بیوٹمز یونیورسٹی کے 20 ویں کنوکیشن کے موقع پر طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل تھے، جبکہ اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، وائس چانسلر بیوٹمز یونیورسٹی ڈاکٹر خالد حفیظ و دیگر بھی موجود تھے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلباء و طالبات مستقبل کے معمار ہیں۔ امید ہے کہ انہوں نے جو درسگاہ میں جو پڑھا اور سیکھا وہ آگے جا کر ملک و قوم کی ترقی کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ ہر شعبے کا ایک مقام ہے۔ طلباء و طالبات نے جس شعبے میں ڈگری حاصل کی وہ اس شعبے کی بہتری کیلئے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ضائع کرنے کی بجائے انہیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ اس وقت وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ نوجوان نسل پاکستان کی ترقی کے ضامن ہے۔ اسکلز کی فراہمی کیلئے مختلف پروگرامز کا سلسلہ جاری ہے۔