اسلام ٹائمز۔ غزہ کے مشرقی علاقے الشجاعیہ کے سینکڑوں خاندان غاصب صیہونی رژیم کے نئے حملوں کے خوف سے اپنا گھر بار چھوڑ کر غزہ کے وسطی و جنوبی علاقوں کی جانب چل پڑے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گاڑیوں اور ایندھن کی شدید کمی کے باعث جبری نقل مکانی پر مجبور ہونے والے ہزاروں فلسطینی خاندان، اپنی رہائشگاہ کو ترک کرتے ہوئے ''نسبتا محفوظ'' مقامات کی جانب پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں جبکہ غاصب و سفاک اسرائیلی فوج نے الشجاعیہ محلے کو ''خطرناک جنگی علاقہ'' قرار دیتے ہوئے تمام مکانات کو فی الفور خالی کر دینے کا حکم دے رکھا ہے۔
اس بارے غاصب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ الشجاعیہ کے علاقے کے بلاکس 731، 732، 733 اور 634 کے رہائشی فوری طور پر جنوب کی طرف چلے جائیں کیونکہ یہ ایک "خطرناک جنگی علاقہ" ہے۔ غاصب اسرائیلی فوج کے سفاک ترجمان نے دعوی کیا کہ فلسطینی مزاحمت ان علاقوں سے اسرائیل کی جانب راکٹ داغتی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق قابض صیہونی فوج کئی روز سے الشجاعیہ محلے پر شدید ہوائی حملے بھی کر رہی ہے جن کے نتیجے میں سینکڑوں عام شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں۔