0
Sunday 24 Nov 2024 12:46

لبنان کیخلاف اسرائیلی حملے جاری، شہداء کی تعداد 3 ہزار 670 ہو گئی

لبنان کیخلاف اسرائیلی حملے جاری، شہداء کی تعداد 3 ہزار 670 ہو گئی
اسلام ٹائمز۔ لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ جمعے کے روز انجام پانے والے قابض اسرائیلی فوج کے ہوائی حملوں میں 25 شہری شہید اور 58 زخمی ہوئے ہیں۔

لبنانی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک شہداء کی کل تعداد 3 ہزار 670 اور زخمیوں کی کل تعداد 15 ہزار 413 ہوگئی ہے۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق دارالحکومت بیروت میں البسطہ نامی علاقے میں بنکر بسٹر بموں کے ذریعے انجام پانے والے قابض صہیونی فوج کے شدید ہوائی حملوں میں بھی اب تک 20 افراد شہید اور 66 زخمی ہوئے ہیں۔

 واضح رہے کہ کسی بھی قسم کے ہوائی دفاع سے محروم عام شہری آبادیوں پر غاصب و سفاک اسرائیلی رژیم کی بے دھڑک ہوائی بمباری کے باعث وسیع جانی و مالی نقصانات کے ساتھ ساتھ لاکھوں خاندان بے گھر بھی ہوئے ہیں جبکہ ہنگامی امور کی حکومتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس وقت کل 12 لاکھ 37 ہزار 892 شہری کل 1 ہزار 177 پناہ گاہوں میں رہ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے تعاون سے، لبنانی وزارت صحت بے گھر پناہ گزینوں کے درمیان بڑے پیمانے پر انفلوئنزا کی ویکسینیشن بھی کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق انسانیت سوز اسرائیلی بمباری کے باعث ملک سے ہجرت کا رحجان بھی بڑھا ہے جس کے باعث شام میں قائم پناگاہوں میں، 3 لاکھ 90 ہزار 656 بے گھر شامی شہریوں کے ساتھ ساتھ 2 لاکھ 34 ہزار 242 لبنانی شہریوں نے بھی پناہ لے رکھی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بیروت کے رفیق حریری ہوائی اڈے پر غیر ملکی انسانی امداد کے حامل طیارے بھی اتر رہے ہیں جیسا کہ گزشتہ چند روز کے دوران اٹلی، روس، متحدہ عرب امارات اور کویت نے سینکڑوں ٹن کی حامل سرکاری امداد لبنان ارسال کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1174465
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش