اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سی او پی-29 کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی تنظیمیں ماحولیاتی پائیداری کے عمل میں ہمارا ساتھ دیں۔ وزیراعلی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلی سندھ نے سی او پی۔29 کے سلسلے میں نیچرس کاربن سولوشن کے عنوان سے ماحولیاتی آب و ہوا کی بہتری کے حوالے سے پروگرام میں خطاب کیا۔ یہ تقریب سی او پی-29 کے موقع پر فارسٹ ڈپارٹمنٹ نے ڈیلٹا بلوکاربن کے تعاون سے منعقد کیا تھا۔
وزیراعلی سندھ نے خطاب میں کہا کہ ڈیلٹا بلو کاربن پراجیکٹ سندھ انڈس ڈیلٹا کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، انڈس ڈیلٹا کی بحالی سے پائیدار معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ 230 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی پر مشتمل ہے، 6 لاکھ 67 ہزار ہیکٹر مرطوب زمین ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگلات کی کٹائی اور میٹھے پانی کی کمی کی وجہ سے مینگرو کے جنگلات کو شدید نقصان پہنچا، جس کی وجہ سے ماضی کی پالیسیاں متاثر ہوئیں اور اپنا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔