اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کی کال کے بعد لاہور پولیس نے کارکنوں اور رہنماوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ لاہور میں ڈیفنس، اچھرہ، کاہنہ، گلبرگ، گڑھی شاہو، شاہدرہ، گارڈن ٹاون، ماڈل ٹاون، فیصل ٹاوں، کوٹ لکھپت، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت دیگر علاقوں میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنماوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ ان چھاپہ مار کارروائیوں میں تحریک انصاف کا کوئی عہدیدار گرفتار نہیں ہو سکتا البتہ پولیس نے اب تک چودہ عام کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اعلیٰ افسران کے احکامات کی روشنی میں گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔ تحریک انصاف کی تمام قیادت زیرزمین چلی گئی ہے اور خفیہ طریقے سے کارکنوں اور عہدیداروں سے رابطے کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنوں کو فرداً فرداً اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے کارکنوں کو احتجاج کے مقررہ دن سے پہلے ہی وہاں پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو اجتماعی قافلوں کی صورت میں نکلنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔