اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کوئٹہ کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات کرائی جائے۔ اپنے بیان میں پی ٹی آئی رہنماء محمد رحیم کاکڑ، جمیل بوستان ایڈووکیٹ و دیگر نے کہا کہ عمران خان کو فوری طور پر منظرعام پر لایا جائے، کیونکہ ملاقات پر بے جا پابندی نے پورے ملک کو شکوک و شبہات میں مبتلا کر رکھا ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کے اہلخانہ سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات کرائی جائے۔ انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر نہ ختم ہونے والے ظلم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب کو معلوم ہونا چاہئے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی حقیقی جماعت ہے۔ یہ ملک 25 کروڑ عوام کا ہے اور ان کا لیڈر عمران خان ہے۔ لہٰذا پارٹی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات کرائی جائے۔