اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کارکنوں سے حلف لیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ بھی ہو عمران خان کی رہائی کے بغیر گھر واپس نہیں جائیں گے۔صوابی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی آمین گنڈا پورنے کہا کہ میں امریکا ہوں اور آپ کی طرف دیکھتا ہوں کیونکہ عوام ہی عمران خان کی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آزاد کرنے کے لیے ہمارے آبا واجداد نے قربانیاں دی ہیں، عمران خان کی قیادت میں ہم قربانی دے کر آزادی لینی ہے اور خان کا ہر فیصلہ قبول ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے قائد اور ہمارے لوگوں پر ظلم کیا گیا ہے، نومبر میں عمران خان کی کال آئے گی اور باہر نکلیں گے۔
جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک خان کو آزاد نہیں کریں گے گھروں کو واپس نہیں آئیں گے، جیل جائیں لیکن گھر واپس نہیں جائیں گے، ہم ان کا وہ حال کریں گے کہ یہ یاد رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ بھی ہو خان کی رہائی کے بغیر گھر واپس نہیں جائیں گے اور آزادی کے بغیر واپس نہیں جائیں گے، جس کے لیے سب تیار ہیں۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے صوابی میں پاور شو کی تیاریاں مکمل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور بھی جلسے میں پہنچ گئے تھے۔