اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا گیا۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نفرت اور انتشار پیدا کر کے بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا۔ عطاء اللّٰہ تارڑ کا مزید کہنا ہے کہ ہم دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اچھا تعلق رکھنے کے خواہاں رہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کہ آج افکارِ اقبال پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، کلامِ اقبال مسلم امہ کو متحد کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ آج شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا 147 واں یومِ ولادت منایا جا رہا ہے، اس موقع پر لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل اظہر محمود تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے دستے نے مزارِ اقبال پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔