اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ورکرز کو عزت دو کے نعرے لگادیے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے پی ٹی آئی کارکنوں کی رہائی کے بعد ان کے اعزاز میں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریب میں کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی ہوئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں کارکن وزیراعلیٰ ہاؤس کے مرکزی دروازے کے سامنے کھڑے ہوکر ’ورکرز کو عزت دو‘ کے نعرے لگاتے دکھائی دیے، ویڈیو میں کچھ کارکن اپنے ساتھیوں کو نعرے بازی سے روک رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں جیل سے رہا ہوکر آنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا تاہم ناراض کارکن سی ایم ہاؤس میں ورکرز کو عزت دو کے نعرے لگاتے رہے۔ ویراعلیٰ نے تقریب میں کارکنوں کے لئے ایک ایک ہزار روپے تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی تھی لیکن اس کے باوجود وقت نہ دینے پر کارکن خفا ہوگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔