اسلام ٹائمز۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے غزہ میں 2 رہائشی عمارتوں پر وحشیانہ بمباری کردی، حملے کے نتیجے میں 50 سے زائد بچوں سمیت 84 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ 170 سے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ اور زخمی ہیں۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ مسلسل بمباری کے دوران علاقے میں سول ڈیفنس کا عملہ، طبی خدمات یا دیگر امدادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں، اسرائیلی افواج کے وسطی غزہ اور دیگر علاقوں میں گولہ باری اور فائرنگ جاری ہے، حملوں سے نصیرات میں 9، الصفاوی میں 3 اور بیت لاہیا میں 8 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب عرب میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ شمالی غزہ میں صحت کا نظام تباہ ہوچکا ہے اور ہسپتال بند ہیں، صیہونی فوج کی نسل کشی سے 43 ہزار 314 فلسطینی شہید، 1 لاکھ 2 ہزار 19 افراد زخمی ہیں۔