اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 44 کوئٹہ کے 16 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کے احکامات جاری کر دیئے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الیکشن ٹربیونل کے 9 اکتوبر کے حکم نامے پر عملدآمد کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 44 کوئٹہ VII کے 16 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ 21 نومبر کو ہوگی۔ پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ مذکورہ حلقے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء عبید اللہ گورگیج کو الیکشن کمیشن نے آٹھ فروری کے انتخابات میں فاتح قرار دیا تھا۔ تاہم الیکشن ٹریبونل کی جانب اپیل کی سماعت کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ عبیداللہ گورگیج کو جعلی فارم 47 کے ذریعے جتوایا گیا تھا۔ جس کے بعد 16 حلقوں میں جہاں فارم 45 کو تبدیل کیا گیا تھا، دوبارہ الیکشن کے احکامات جاری ہوئے۔