اسلام ٹائمز۔ سابق پاکستانی صدر عارف علوی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کے حوالے سے دنیا کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطین کی حمایت میں ایران کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے X سوشل نیٹ ورک پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ایک پیغام میں لکھا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی حکومت کی حالیہ جارحیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے صیہونی حکومت کے جرائم پر دنیا کی خاموشی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے مزید کہا کہ میں پاکستانی عوام بالخصوص پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے صیہونی حکومت کے جرائم کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
پاکستان کے سابق صدر نے ایرانی عوام کو مخاطب کرکے کہا کہ ایرانی بھائیو! ہم آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے دعا بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ عالمی برادری صرف فلسطینیوں کے قتل عام کو دیکھ رہی ہے، کہا کہ اسرائیلی (حکومت) کی سازشوں اور اس کی جنگ طلبی نے خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔