اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی میں کے ایک اسپتال کے باہر لگائے گئے چیریٹی اسٹال پر ایک مسلم خاتون کو ’جے شری رام‘ کا نعرہ نہ لگانے پر کھانا دینے سے انکار کر دیا گیا۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں خاتون کو اسٹال پر کھانا پیش کرنے والے شخص سے بحث کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ شخص خاتون سے کہتا ہے کہ یا تو ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگاؤ یا لائن سے ہٹ جاؤ۔ یہ واقعہ جربائی واڈیا روڈ پر ٹاٹا اسپتال کے قریب پیش آیا۔ یہ اسٹال ایک این جی او نے مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے لوگوں کو مفت کھانا فراہم کرنے کے لئے لگایا تھا۔
جیسے ہی اسٹال پر موجود شخص کو معلوم ہوا کہ ویڈیو بنایا جا رہا ہے، اس نے کیمرہ پرسن کو ریکارڈنگ بند کرنے کو کہا۔ دو حصوں میں بنائی گئی اس ویڈیو کو 3 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور سینکڑوں لوگ اس پر تبصرے کر رہے ہیں۔ ویڈیو کے دوسرے حصے میں کیمرہ پرسن وہاں کھڑے لوگوں سے بات کرتا ہے اور ان سے پوچھتا ہے کہ کیا انہوں نے کھانا لینے کے لئے ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگایا تھا۔ اس پر ایک شخص کہتا ہے کہ اس نے لگایا تھا۔ ساتھ ہی ایک اور شخص، جو ممکنہ طور پر ہسپتال کا ملازم ہے، کا کہنا ہے کہ ایسے قوانین بنانا غیر منصفانہ اور غلط ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اگر آپ یہاں کھانا تقسیم کرنے آئے ہیں تو تقسیم کر کے چلے جائیں۔ اس پر اسٹال پر موجود شخص نے کہا اگر وہ ’جے شری رام‘ کہیں گے، تب ہی انہیں کھانا دیا جائے گا۔