اسلام ٹائمز۔ اردن کے حکومتی ترجمان محمد المومنی نے اعلان کیا ہے کہ عمان خطے کے بعض فریقوں کی جانب سے خاص طور پر ڈرون طیاروں کے ذریعے، اردن کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوششوں کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا!
اردن کے حکومتی ترجمان نے کئی ایک ڈرون طیاروں کے اردنی سرزمین کے ساتھ آ ٹکرانے کے واقعے کی جانب بھی اشارہ کیا جو منگل کے روز اردنی صوبہ اربد کے ایک علاقے میں پیش آیا تھا۔ محمد المومنی نے اردنی خودمختاری کی خلاف ورزی کو ایک ایسا خطرناک عمل قرار دیا کہ جس سے عمان اب فوجی تنازعات کے قوانین کے تحت نمٹے گا اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھائے گا۔
اردن کے حکومتی ترجمان نے خطے میں کشیدگی میں اضافے کے بارے بھی خبردار کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ اردن کسی صورت یہ قبول نہیں کرے گا کہ وہ خطے کے کسی بھی فریق کا میدان جنگ قرار پائے اور اب وہ اپنی سرزمین سے کسی بھی لڑاکا یا ڈرون طیارے اور میزائل کو گزرنے کی اجازت ہرگز نہیں دے گا۔ اس بارے اپنی گفتگو کے آخر میں اعلی اردنی اہلکار نے خطے کے متحارب فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی نہ کریں!