0
Saturday 2 Nov 2024 22:16

بی جے پی جیسے خوفزدہ لوگ ہی خوف پھیلاتے ہیں، اکھلیش یادو

بی جے پی جیسے خوفزدہ لوگ ہی خوف پھیلاتے ہیں، اکھلیش یادو
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست اترپردیش میں سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے، جہاں پارٹیاں ایک دوسرے پر پوسٹر بازی کے ذریعے نشانہ سادھ رہی ہیں۔ یوپی کے وزیراعلٰی یوگی آدتیہ ناتھ کے متنازعہ نعرے ’بٹیں گے تو کٹیں گے‘ پر سیاسی تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی نے بھی لکھنؤ کی سڑکوں پر پوسٹر لگائے ہیں، جن میں مثبت پیغام کے ساتھ لکھا ہے ’جڑیں گے تو جیتیں گے‘۔ یوپی کے سابق وزیراعلٰی اکھلیش یادو نے بھی بی جے پی کے پوسٹر والے نعرے کو لے کر سوشل میڈیا سائٹ پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ منفی نعرہ ان کی مایوسی اور ناکامی کی علامت ہے، جن کا نظریہ جیسا ان کا نعرہ ویسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نعرہ نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کے جو گنتی کے 10 فیصد ووٹر بچے ہیں، اب وہ بھی کھسکنے کی دہلیز پر ہیں، اس لئے یہ ان کو ڈرا کر ایک کرنے کی کوشش میں لگ گئے ہیں لیکن ایسا کچھ ہونے والا نہیں ہے۔

اکھلیش یادو نے اپنے پوسٹ میں آگے لکھا کہ منفی نعرے کا اثر بھی ہوتا ہے۔ دراصل اس مایوس کن نعرہ کے آنے کے بعد ان کے بچے کھچے حامی یہ سوچ کر اور بھی مایوس ہیں کہ جنہیں ہم طاقتور سمجھ رہے تھے، وہ تو اقتدار میں رہ کر بھی کمزوری کی ہی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس مثالی ریاست کا تصور ہمارے ملک میں کیا جاتا ہے، اس کی بنیاد میں ’بے خوف‘ ہوتا ہے ’خوف‘ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ ’خوفزدہ‘ ہی خوف بیچتا ہے کیونکہ جن کے پاس جو ہوگا، وہ وہی تو بیچیں گے۔ اکھلیش یادو نے اپنے پوسٹ کے ذریعہ کہا کہ ملک کی تاریخ میں یہ نعرہ ’بدترین نعرہ‘ کے طور پر درج ہوگا اور ان کے سیاسی زوال کے آخری باب کے طور پر آخری کیل ثابت ہوگا۔ ملک اور سماج کے مفاد میں انہیں اپنی منفی نظر اور نظریے کے ساتھ اپنے صلاح کار بھی بدل لینے چاہئیں۔ یہ ان کے لئے بہتر ثابت ہوگا۔ ایک اچھی صلاح یہ ہے کہ ’پالیں تو اچھے خیال پالیں‘ اور آستینوں کو کھلا رکھیں، ساتھ ہی بانہوں کو بھی، اسی میں ان کی بھلائی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1170363
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش