اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی میڈیا نے مقبوضہ شامی علاقے گولان میں وسیع سطح پر خطرے کے مسلسل الارم بجنے کی اطلاع دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق غاصب صیہونی رژیم کے سرکاری میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے 3 یا 4 ڈرون طیارے، غاصب صیہونی رژیم و امریکہ کے "پیشرفتہ ترین" ہوائی دفاعی نظاموں کو مکمل طور پر ناکام بناتے ہوئے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں گھس آئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لبنانی مزاحمتی ڈرون ایک طویل وقت کے دوران مقبوضہ فلسطین کے متعدد شہروں کو یکے بعد دیگرے عبور اور وہاں نصب متعدد و متنوع ہوائی دفاعی نظاموں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے حیفا کے جنوب میں واقع اپنے اہداف تک پہنچے اور انہیں کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
صیہونی میڈیا کے مطابق اپنے "پیشرفتہ ترین" فضائی دفاعی نظام کی مدد سے مزاحمتی ڈرون طیاروں کو روکنے میں یکسر ناکامی کے بعد قابض اسرائیلی فوج نے اپنے "جدید ترین" جنگی ہیلی کاپٹر و لڑاکا طیارے بھی ہوا میں بھیجے تاہم وہ بھی حزب اللہ لبنان کے ڈرون طیاروں کو روکنے یا حتی انہیں ٹریک کرنے میں، بری طرح ناکام رہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق حزب اللہ لبنان کے 1 ڈرون طیارے نے حیفا کے جنوب مشرقی الناصرہ کے علاقے پر حملہ کیا جبکہ اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت یہ ڈرون طیارہ حیفا کے اوپر سے گزر رہا تھا تو عین اسی وقت حیفا کے جنوب مشرق میں واقع رامات ڈیوڈ نامی حساس اسرائیلی ایئر بیس کے اندر سے زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی تھیں۔ ادھر جعلی اسرائیلی رژیم کے آرمی ریڈیو نے بھی تصدیق کی ہے کہ حزب اللہ کے 1 خودکش ڈرون طیارے نے رامات ڈیوڈ ایئر بیس کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔
قابض اسرائیلی فوج نے اس حوالے سے تاحال کوئی وضاحت پیش نہیں کی ہے تاہم اسرائیلی ٹیلیویژن چینل 12 نے اعلان کیا ہے کہ 1 حملہ آور ڈرون طیارے نے مغربی الجلیل کے علاقے آخزیو میں واقع ایک اہم فیکٹری کو نشانہ بنایا ہے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حزب اللہ لبنان کے دیگر 2 حملہ آور ڈرون طیاروں نے کس کس علاقے کو نشانہ بنایا ہے۔