اسلام ٹائمز۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں موجود اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے لیے ایک بار پھر حماس کو وارننگ دے دی۔ فلوریڈا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کے اقتدار سنبھالنے تک قیدی واپس نہ آئے تو مشرق وسطیٰ جہنم بن جائے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ حماس کے لیے اچھا نہیں ہوگا بلکہ کسی کے لیے بھی اچھا نہیں ہوگا۔ اس سے پہلے ٹرمپ کے بیان پر حماس کے رہنماء اسامہ حمدان نے ٹرمپ کو سفارتی زبان استعمال کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
خیال رہے کہ ٹرمپ نے گذشتہ ماہ دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی حلف برداری سے قبل قیدی رہا نہ ہوئے تو مشرق وسطیٰ کو جہنم بھگتنا ہوگا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جنہوں نے انسانیت کے خلاف ان مظالم کا ارتکاب کیا، وہ اس کی قیمت ادا کریں گے۔ نومنتخب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس سب کے ذمہ داروں کو ایسا سبق دیا جائے گا، جیسا پہلے کبھی امریکی تاریخ میں نہیں دیا گیا۔