اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی نائب امیر زاہد بلوچ کا کہنا ہے کہ 29 دسمبر کو منعقد ہونے والا گرینڈ قومی قبائلی مشاورت مسائل سے نجات کی سنگ میل ثابت ہوگی۔ کوئٹہ میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان زاہد اختر بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مسئلہ بلوچستان اور اہل بلوچستان کے مسائل کو اجاگر اور ان کے حل، سیکیورٹی فورسز و حکمرانوں اور مقتدر قوتوں کی لوٹ مار، نااہلی و ناکامی سے نجات کیلئے 29 دسمبر کو گرینڈ قومی قبائلی مشاورت کر رہی ہے۔ جو مسائل سے نجات کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایوان کے اندر و باہر مسئلہ بلوچستان اور اس کے حل کے حوالے سے پورے ملک میں توانا آواز اٹھا رہی ہے۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ملک بھر میں اہل بلوچستان اور مظالم زیادتیوں کے خلاف توانا آواز بن چکے ہیں۔ مسائل کو بنیاد بناکر حق دو بلوچستان تحریک کو کامیاب بنائیں گے۔