اسلام ٹائمز۔ کراچی کے تقریباً تمام علاقے شدید گیس بحران کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ سردی کی وجہ سے گھریلو صارفین بڑے پیمانے پر مہنگی مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) خریدنے پر مجبور ہیں۔ تفصیلات کی رپورٹ کے مطابق گیس کی لوڈ شیڈنگ رات 9:30 بجے سے صبح 6 بجے اور دوپہر 2:30 سے شام 5 بجے تک ہوتی ہے، لیکن شہر کے بیشتر علاقوں میں یا تو زیادہ تر دن کے اوقات میں گیس غائب رہتی ہے، یا بہت کم پریشر کے ساتھ گیس میسر ہوتی ہے۔ مختلف علاقوں کے رہائشیوں کا خیال ہے کہ جب بھی موسم سرما قریب آتا ہے تو شہر میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، شہر میں موسم سرما کی آمد کے بعد سے گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے ذرائع نے بتایا کہ شہر بھر میں گیس ڈسٹری بیوشن کا خستہ حال انفرا اسٹرکچر بھی بحران کی ایک بڑی وجہ ہے اور کم پریشر بنیادی طور پر ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں لیکیج کی وجہ سے ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس ایس جی سی اس وقت گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے شہر بھر میں اپنے پرانے گیس ڈسٹری بیوشن انفرا اسٹرکچر کی بحالی میں مصروف ہے۔ نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی اور لیاری سمیت گنجان آباد علاقوں میں 2500 کلومیٹر ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک پر بڑے پیمانے پر بحالی کا کام جاری ہے۔