اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ پیر صاحب پگارا کے حالیہ سندھ اور بلوچستان کے روحانی دوروں نے مخالفین کی نیندیں حرام کردیں ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ سردار عبدالرحیم نے مزید کہا ہے کہ پیر صاحب پگارا کا ہر جگہ عوام نے دیدار اور تاریخی والہانہ استقبال کرتے ہوئے یقین دلایا کہ سندھ کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر صاحب پگارا پر بلاجواز تنقید صوبائی وزیر سردار شاہ کو زیب نہیں دیتی، انکا اتنا سیاسی قد نہیں کہ وہ پیر صاحب پگارا پر بات کرے، سردار شاہ کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ انہوں نے اپنی نوکری پکی کرنے کے لیے بیان دیا ہے،
سردار عبد الرحیم نے کہا کہ پیر صاحب پگارا نے جن خدشات کا اظہار کیا ہے ان سے سندھ کے عوام اچھی طرح واقف ہیں اور وہ مکمل طور پر درست ہیں، اگر دریائے سندھ سے مزید کینالز نکالی گئیں تو سندھ کے ساتھ بلوچستان میں بھی زراعت کو شدید نقصان ہوگا، پہلے ہی سندھ اور بلوچستان میں لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی پانی کی عدم دستیابی کے باعث غیر آباد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ اور فارم 47 کی پیداوار حکومت، سندھ اور بلوچستان کے مستقبل اور زندگیوں کا فیصلہ کرنے کا کوئی حق نہیں رکھتی۔