اسلام ٹائمز۔ بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد نے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، ملاقات میں بیرسٹر گوہر کو بانی پی ٹی آئی نے ویڈیو میسج ریکارڈ کروایا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ویڈیو پیغام بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اورکارکنوں کے لیے ریکارڈ کروایا ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوگیا۔ رہنماؤں نے حکومتی وفد سے بات چیت سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت کے لیے حکومت سے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومتی تجاویز میں سے ایک پر اتفاق کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی اور یہ 40 منٹ تک جاری رہی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بیرسٹر گوہر نے احتجاج اور حکومت کی طرف سے آپشنز سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا۔ پی ٹی آئی وفد نے احتجاج سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی۔ واضح رہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا خصوصی انتظام کیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور رات کو ہونے کا امکان ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو پی ٹی آئی سے مذاکرات پر اعتماد میں لیا ہے۔