اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز مسیحا ہیں، ان کے احتجاج سے مریض براہ راست متاثر ہوں گے۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال پر ان سے مل بیٹھ کر بات چیت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ڈاکٹروں کی بھرتی کے انٹرویوز کے دوران کسی بھی قسم کی بدسلوکی سے متعلق باقاعدہ شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ ڈاکٹر صحت کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ان کے ساتھ بدسلوکی ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مسیحا ہیں، انکی ہڑتال سے براہ راست مریض متاثر ہو رہے ہیں۔ اگر ڈاکٹر ہڑتال کریں گے تو انہیں کون مسیحا کہے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میں اعتراف کرتا ہوں محکمہ صحت میں سہولیات نہیں ہیں، مگر ڈاکٹروں کا طریقہ کار درست نہیں ہے۔ ڈاکٹر عوامی خدمت سے سرشار ہوکر خدمت کریں، ہم ہسپتالوں میں سہولیات مہیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال پر ان سے مل بیٹھ کر بات چیت کریں گے اور مسئلے کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہسپتالوں کو فعال کرنے کے لئے کنٹریکٹ پر ڈاکٹر بھرتی کر رہے ہیں۔ جونہی پبلک سروس کمیشن سے بھرتی کا عمل مکمل ہوگا، کنٹریکٹ بھرتی ختم کی جائے گی۔