اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے عالمی فوجداری عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی گرفتاری نہیں بلکہ موت کی سزا کا حکم دینا چاہیئے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ لوگوں کے اجتماع، گھروں اور اسپتالوں پر بمباری کرنا فتح نہیں، جنگی جرائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاری وارنٹ کافی نہیں، بنیامین نیتن یاہو کی سزائے موت کے وارنٹ جاری ہونے چاہیئیں۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں دشمن کی جیت نہیں ہوئی، دشمن غزہ اور لبنان میں کبھی نہیں جیت سکے گا۔ خیال رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے گذشتہ ہفتے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے گرفتاری وارنٹ جاری کیے تھے، نیتن یاہو پر غزہ جنگ میں جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام ہے۔ نیدر لینڈز، اٹلی اور برطانیہ جیسے ممالک عالمی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کا عندیہ دے چکے ہیں۔