0
Sunday 24 Nov 2024 13:13

سید ساجد حسین نقوی شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب کے صدر منتخب

مرکزی نائب صدر علامہ سبطین سبزواری نے نومنتخب صدر سے عہدے کا حلف لیا
سید ساجد حسین نقوی شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب کے صدر منتخب
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب کے انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ صوبائی کونسل کے ارکان نے کثرت رائے سے سید ساجد حسین نقوی کو صوبائی صدر منتخب کر لیا۔ صوبائی کونسل کا اجلاس جامعہ منہاج الحسین جوہر ٹاون لاہور میں منعقد ہوا۔ جس میں الیکشن کمیشن کے فرائض مرکزی نائب صدر معظم علی بلوچ نے سرانجام دیئے۔ وسطی پنجاب کی صدارت کیلئے 10 نومبر کو فیصل آباد میں ہونیوالے انتخاب کے پہلے مرحلے کے بعد ساجد حسین نقوی اور قاسم علی قاسمی امیدوار تھے۔ مرکزی نائب صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے نومنتخب صدر سے حلف لیا۔ جس کے بعد سید ساجد حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا شیعہ علماء کونسل الٰہی تنظیم ہے، جس کی قیادت نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور قومی وقار کیلئے جدوجہد کی ہے۔ اس تنظیم کی جڑوں میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی سمیت ہزاروں شہداء کا خون ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے کام کریں گے۔ پرانے طریقے چھوڑ کر تنظیم کو جدید طریقے سے چلائیں گے۔ جس کیلئے سینیئرز سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ علامہ سبطین سبزواری نے خطاب کرتے ہوئے کہا الیکشن کسی کی ہار یا جیت نہیں، سب ملی امور میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ کی پالیسیوں کے مطابق عوام کی خدمت کریں اور قیادت کے دست و بازو بنیں۔ عہدہ کچھ نہیں اصل ذمہ داری عہدے کے تقاضے پورے کرنا ہے۔ قاسم علی قاسمی نے نومنتخب صدر کو ہار پہنایا اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے دستور کے مطابق انتخابات میں ساجد حسین شاہ کا انتخاب خوش آئند ہے، وہ وسطی پنجاب میں قائد ملت جعفریہ کے نمائندے ہوںگے، ہم ان کے ساتھ چلیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1174469
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش