اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ وزیر عظم پاکستان کے حالیہ دورے کے موقع پر علاقے کیلئے اہم اعلانات کئے ہیں جن پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے دورہ جی بی کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر ٹائم لائن کا تعین کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات پر مقررہ ٹائم لائنز پر عملدر آمد یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ علاقے کے عوام کو درپیش مشکلات کا بروقت حل ممکن ہو سکے۔ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے جاری ہدایات پر عملدرآمد میں تاخیر منفی تاثر کا سبب بن سکتا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی بی کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حال ہی میں وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کردہ ترقیاتی منصوبوں پر جلد عملدرآمد کے حوالے سے 3 دسمبر کو اجلاس منعقد ہوگا جس میں وزیر اعظم کے اعلانات پر عمل درآمد کے حوالے سے صوبائی سطح پر جو اقدامات کیے گئے ہیں ان اقدامات اور وفاقی سطح پر کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دیامر بھاشہ ڈیم کے سی بی ایمز پر عملدرآمد کے حوالے سے دیامر کے منتخب نمائندوں سے بھی بہت جلد تفصیلی مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا۔