0
Monday 25 Nov 2024 18:04

نفرتیں پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

نفرتیں پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سیاسی اور جمہوری قوتوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور کالعدم تکفیری گروہوں کو کھلی چھوٹ دینا افسوسناک رویہ ہے۔ یہ بات انہوں نے جیکب آباد کے گاؤں مولا داد داؤ اور دودا پور کے تبلیغی و درسی دورے کے موقع پر علاقہ مکینوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کا خطبہ فدکیہ فصاحت و بلاغت اور علم و عرفان کا سمندر ہے۔ جس میں توحید و رسالت کے بیان کے ساتھ ساتھ فلسفہ احکام آل محمد (ص) کی صداقت اور امت مسلمہ کی ذمہ داریوں پر جامع گفتگو کی گئی ہے۔ خطبہ فدکیہ سیدہ کائنات کی صداقت اور بے مثال شخصیت کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایام فاطمیہ منانے کا مقصد سیدہ کائنات خاتون جنت حضرت بی بی فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی دین اسلام کی راہ میں عظیم قربانیوں کو یاد کرنا ہے اور آاپ کی پاکیزہ تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنا ہے۔ کیونکہ آپ کی ذات گرامی عالم بشریت خصوصاً صنف نسواں کے لئے اسوہ حسنہ ہے۔ ہم شیعیان علی علیہ السلام آل محمد (ص) کی امامت اور ولایت پر متحد و متفق ہیں۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ پارا چنار میں جان بوجھ کر شیعہ سنی مسلمانوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شیعہ اور سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ ان کے درمیان نفرتیں پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح رحمہ اللہ علیہ نے عوامی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے حاصل کیا۔ ہم پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ سیاسی اور جمہوری قوتوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور کالعدم تکفیری گروہوں کو کھلی چھوٹ دینا افسوسناک رویہ ہے۔ ملک بھر میں ہزاروں سیاسی کارکنوں کو بلاوجہ گرفتار کیا گیا ہے۔ پرامن احتجاج سب کا آئینی و جمہوری حق ہے۔ اس موقع پر مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، عزاداری کونسل ضلع جیکب آباد کے جنرل سیکرٹری سید غلام شبیر نقوی، مدرسہ امام مہدی علیہ السلام کے بانی فقیر ارباب علی، راشد علی گولہ، مولانا عبدالخالق منگی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 1174757
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش