اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کا خیبر پختونخوا سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں آنے والا قافلہ راولپنڈی اسلام آباد کی حدود میں داخل ہوگیا۔ رات برہان انٹرچینج کے قریب ڈھوک گھر میں گزارنے کے بعد پی ٹی آئی کا قافلہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب روانہ ہوا تھا۔ پی ٹی آئی کا خیبر پختونخوا سے اسلام آباد احتجاج کیلئے آنے والا مرکزی قافلہ راولپنڈی، اسلام آباد کی حدود میں داخل ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور احتجاج کی قیادت کر رہے جبکہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی قافلے میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صوبائی وزرا، پی ٹی آئی رہنما اور ورکرز کی بڑی تعداد بھی احتجاج میں شامل ہے۔