0
Tuesday 22 Oct 2024 17:11

بین الاقوامی پروازوں کے تمام مسافروں کیلئے کرنسی ڈکلیئریشن لازمی قرار

بین الاقوامی پروازوں کے تمام مسافروں کیلئے کرنسی ڈکلیئریشن لازمی قرار
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے پاکستان آنے اور دیگر ممالک کو جانے والے تمام مسافروں کیلئے کرنسی ڈکلیئریشن لازمی قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے منی لانڈرنگ پر قابو پانے کی کوششوں اور ایف اے ٹی ایف کی شرط پر عمل کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایف بی آر کی ہدایت پر بین الاقوامی پروازوں کے تمام مسافروں کیلئے کرنسی ڈکلیئریشن کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔ سی اے اے کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق ڈکلیئریشن فارم پُر کرکے ائر لائن عملے کے حوالے کرنا ہوگا، جس میں مسافر کو ملکی و غیر ملکی کرنسی کی تفصیلات ظاہر کرنا ہوںگی۔ اتھارٹی کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ائرلائنز کے ٹکٹ بکنگ دفاتر میں بھی کرنسی ڈکلیئریشن فارمز مہیا کئے جائیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مسافر پرواز کیلئے چیک اِن سے قبل فارم کسٹمز اسٹاف کو جمع کروائیں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ضوابط ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر آنے اور جانے والی پروازوں کیلئے لاگو کر دیئے ہیں۔ مسافر ڈکلیئریشن جمع کرائے بغیر طیارے پر سوار ہو سکیں گے اور نہ ہی ائرپورٹ سے باہر جا سکیں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ملکی و غیر ملکی ائرلائنز، پائلٹس اور عملے کو کسٹمز ڈکلیئریشن فارم کی شقوں سے متعلق مکمل تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ڈکلیئریشن پُر نہ کرنے کی صلاحت رکھنے والے مسافروں کا فارم ائر لائن اسٹاف کی مدد سے پُر کیا جا سکتا ہے۔ ہوائی اڈوں پر کرنسی ڈکلیئریشن فارمز موصول کرنے کیلئے باقاعدہ کاؤنٹرز قائم کرنے کی بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1168002
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش