0
Tuesday 22 Oct 2024 15:51

گلگت بلتستان میں سٹیٹ سبجیکٹ رول بحال کرینگے، جماعت اسلامی کا اعلان

گلگت بلتستان میں سٹیٹ سبجیکٹ رول بحال کرینگے، جماعت اسلامی کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے آمدہ انتخابات میں بھرپور انداز سے حصہ لے کر کامیابی حاصل کرے گی، جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے ہر انتخابی حلقے میں اپنا امیدوار کھڑا کرے گی اور انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے گلگت بلتستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی۔ جی بی میں میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ خواتین یونیورسٹی قائم کی جائے گی، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے ٹیکنیکل ادارے قائم کیے جائیں گے۔ خواتین کے لیے الگ جامعات اور ہسپتال قائم کیا جائے گا، جماعت اسلامی اسٹیٹ سبجیکٹ بحال کرے گی، لینڈ ریفارمز کو عوام کی خواہشات کے مطابق کرے گی، ترقیاتی بجٹ کو اپنے وسائل سے کئی گنا بڑھا کر عوام کو سہولت فراہم کی جائے گی، پینے کے صاف پانی کا اہتمام کیا جائے گا، بیروزگار نوجوانوں کے روزگار کااہتمام کیا جائے گا۔
 
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے ددورہ استور کے دوران میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی نائب امیر و سابق وزیر حکومت مشتاق ایڈووکیٹ، امیر جی مولانا تنویر حیدری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سابق امیدوار حلقہ دو استور مولانا عبد السمیع، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی جی بی نظام الدین، امیر ضلع استور کفایت دین، امیر حلقہ ایک استور و سابق امیدوار اسمبلی عبد الرحمان، مولانا ہارون سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد اور علماء کرام نے جماعت اسلامی میں شامل ہونے کااعلان کیا۔ تقریب میں سابق وزیر حکومت نعمت اللہ خان بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ گلگت بلتستان کی پسماندگی کے ذمہ دار حکمران ہیں، اب عوام ان حکمرانوں کو گھر بھیج دیں، جماعت اسلامی یہاں کے عوام کے مسائل حل کرے گی۔
 
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور اس کے ادارے نے حکومت میں نہ ہونے کے باوجود 17کروڑ روپے کے عوامی منصوبے مکمل کیے ہیں، آمدہ سال 23 کروڑ روپے سے عوامی منصوبے مکمل کرے گی۔ انھوں نے کہا استور روڈ جس پر لاکھوں افراد چلتے ہیں چلنے کے قابل نہیں، چھوگام تک میں آیا ہوں یہ قیامت کا سفر ہے، پورے ضلع استور میں ایک بھی زچہ بچہ سنٹر نہیں ہے، استور روڈ موت کا کنوا ں ہے، میں حکومت جی بی کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ اس روڈ پر کام فوری شروع کرائے ورانہ یہاں کے عوام سڑکوں پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کی صورت حال بھی بری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جماعت اسلامی کو کامیاب کریں، ہم ان کے مسائل حل کریں گے، شونٹر ٹنل بھی تعمیر کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1167986
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش