متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ایرانی قونصل جنرل اور وائس قونصل جنرل نے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور تجارت کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ دونوں ممالک میں تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہو رہے ہیں۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان 2 بلین ڈالرز کی تجارت ہے، ہم چاہتے ہیں دو طرفہ تجارت کو 3 بلین ڈالرز تک بڑھایا جائے۔
مراد علی شاہ نے ایرانی قونصل جنرل کو بتایا کہ سندھ سے گوشت اور پھل ایران برآمد ہو سکتے ہیں۔ وزیرِاعلیٰ سندھ اور ایرانی قونصل جنرل نے تجارتی وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔ قونصل جنرل نے مراد علی شاہ کو ایران کے ثقافتی فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ یہ ثقافتی فیسٹیول ایران میں اگلے ماہ ہوگا۔ اس ملاقات میں کراچی تا چابہار فیری سروس شروع کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔