0
Tuesday 22 Oct 2024 16:28

یورپ اور امریکہ بے حیائی کے ساتھ اسرائیل کے ہر انسانیت سوز جرم کا دفاع کرتے ہیں، مسعود پزیشکیان

ہر حملے کا مناسب جواب دیا جائے گا
یورپ اور امریکہ بے حیائی کے ساتھ اسرائیل کے ہر انسانیت سوز جرم کا دفاع کرتے ہیں، مسعود پزیشکیان
اسلام ٹائمز۔ صدر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے تہران میں حماس کے نمائندہ دفتر میں شہید یحیی سنوار کی شہادت کی تعزیت پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے حماس مسئولین سے گفتگو میں کہا کہ امریکا اور یورپی ممالک نے اسرائیلی حکومت کو مسلح کیا اور پوری بے حیائی کے ساتھ ہر انسانیت سوز جرم کا دفاع کررہے ہیں۔ نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے تہران میں حماس کے نمائندہ دفتر میں منعقد ہونیوالے شہید یحیی سنوار کے تعزیتی پروگرام میں شرکت کی۔ انھوں نے اس موقع پر تہران میں حماس کے نمائندے ڈاکٹر خالد قدومی سے ملاقات اور یحیی سنوار کی شہادت کی تعزیت پیش کی۔ 

صدر مملکت نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ وہ حکومتیں اور بڑی طاقتیں جو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کا دم بھرتی ہیں، خود انسانی حقوق اور سبھی قوانین کی خلاف ورزی کررہی ہیں۔ صدر ایران نے کہا کہ امریکا  اور یورپ کی حکومتیں عوام سے جنگ اور اس حکومت کی پشت پناہی کررہی ہیں جس نے عوام کو بے گھر اور دربدر کر دیا ہے جبکہ وہ اپنی سرزمین اور جائز حقوق کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور یورپ کی حکومتيں اسرائیلی حکومت کو انواع و اقسام کا اسلحہ دے رہی ہیں اور اس کے ہر انسانیت سوز جرم کا دفاع کرتی ہیں۔ 

صدر ایران نے کہا کہ انسانی حقوق اور خواتین اور بچوں کے حقوق کے دفاع کا دم بھرنے والے کہاں ہیں؟ ان کا طرز عمل بتاتا ہے کہ وہ دنیا میں صرف غنڈہ گردی کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حق اور عدل و انصاف کے طرفدار بیدار ضمیر انسان ان کے مقابلے میں خاموش نہیں رہ سکتے۔ صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ یہ جنگ ایک یا چند افراد کے دہشت گردانہ قتل سے ختم ہونے والی نہیں ہے، یہ ایسی جنگ ہے جو عدل وانصاف کے قیام اور تمام انسانوں کے حقوق کی رعایت سے تو رک سکتی ہے لیکن زور زبردستی اور حق تلفی سے ہرگز نہیں رکے گی۔ صدر ایران نے اسرائیلی حکومت کے حملے کے امکان کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہر حملے کا مناسب جواب دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1167992
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش